حجاب، آزادی اور شناخت/Hijab,freedom  and Identity

          

حجاب کے لغوی
معنی پردہ، اوٹ، نقاب، یا چھپانے کے ہیں۔ شرعی اصطلاح میں، یہ مسلمانوں (خاص طور پر خواتین) کے لیے لباس اور طرزِ زندگی کا وہ اسلامی نظام ہے جس کے تحت نامحرم مردوں کے سامنے سر، چہرہ، یا جسم کے مخصوص حصوں کو ڈھانپنا اور اخلاقی حدود کا خیال رکھنا فرض ہے۔ یہ شرم و حیا، وقار اور معاشرتی پاکیزگی کے تحفظ کا ایک ذریعہ ہے۔
• لغوی معنی: ڈھانپنا، اوٹ کرنا، پردہ۔
• شرعی مفہوم: غیر مردوں (نامحرم) سے پردہ کرنا، جس میں لباس کے ساتھ ساتھ نظروں کی حفاظت بھی شامل ہے۔

حجاب  دراصل محض لباس ہی نہیں ہے بلکہ ایک مسلمان عورت کا غیر اعلانیہ اظہار آزادی اور صرف  اللہ کی  بندگی میں نے آنے کا اعتراف ہے۔—یہ اعلان کہ عورت اپنے وجود، جسم اور شناخت کی خود نگہبان ہے۔ آج کی دنیا میں عورت کی  آزادی کو اکثر ظاہری نمائش کے مترادف بنا دیا گیا ہے،اس لیے  جب مسلمان  عورت  پردہ  کرتی ہے یا حجاب  لیتی ہے تو اہل مغرب  اور ان سے متاثر لوگ سمجھتے  ہیں کے شاید  وہ کوئی قیدی ہےاور مغربی خود ساختہ آزادی کے علمبردار ،عورتوں کو اس سے آزادی دلوانے کا علم اٹھا لیتے ہیں مگر درحقیقت  آزادی وقار، شعور اور تحفظ کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔ حجاب اسی باوقار آزادی کی علامت ہے جو عورت کو دوسروں کی نگاہوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے بجائے اس کے اپنے اصولوں کا پابند بناتی ہے۔
قرآنِ کریم کی سورتُ الاحزاب اس تصور کو واضح بنیاد فراہم کرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
“اے نبی! اپنی بیویوں، بیٹیوں اور مومن عورتوں سے کہہ دیجیے کہ وہ اپنی چادریں اپنے اوپر لٹکا لیا کریں، یہ اس بات کے زیادہ قریب ہے کہ وہ پہچانی جائیں اور ستائی نہ جائیں” (الاحزاب: 59)۔
یہ آیت اس حقیقت کو آشکار کرتی ہے کہ حجاب عورت کی شناخت اور عزت کا محافظ ہے، نہ کہ اس کی آزادی پر قدغن۔
اسی قرآنی ہدایت پر صحابیاتؓ نے جس شعور اور وقار کے ساتھ عمل کیا، وہ تاریخِ اسلام کا روشن باب ہے۔ حضرت اسماء بنت ابی بکرؓ کا حجاب اس بات کی مثال ہے کہ وہ شدید حالات میں بھی اپنی حیا اور اصولوں پر قائم رہیں۔ حضرت ام المؤمنین عائشہؓ نہ صرف علم و فہم کا عظیم مرکز تھیں بلکہ پردے کی پابندی میں بھی مثالی تھیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ علم، سماجی کردار اور حجاب ایک دوسرے کی نفی نہیں بلکہ تکمیل ہیں۔
اسی طرح حضرت فاطمہ الزہراءؓ کا طرزِ حیات اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ عورت کی اصل قدر اس کے کردار، تقویٰ اور وقار میں ہے۔ روایت ہے کہ وہ حتیٰ الامکان غیر ضروری نظروں سے خود کو محفوظ رکھتیں، اور یہی طرزِ فکر آج کی عورت کے لیے شناخت کا سب سے مضبوط نمونہ ہے۔ صحابیاتؓ نے حجاب کو کمزوری نہیں بلکہ طاقت بنایا—ایسی طاقت جو ایمان سے جنم لیتی ہے۔
حجاب دراصل عورت کو محدود نہیں کرتا بلکہ اسے یہ حق دیتا ہے کہ وہ اپنی پہچان خود متعین کرے۔ یہ آزادی انتخاب کی آزادی ہے—اور صحابیاتؓ کی زندگیاں اس انتخاب کی زندہ مثال ہیں۔ انہوں نے حجاب کے ساتھ علم سیکھا، سکھایا، رائے دی، ہجرت کی، قربانیاں دیں اور تاریخ میں اپنا نام عزت کے ساتھ ثبت کیا۔
یوں حجاب، آزادی اور شناخت ایک دوسرے سے جدا نہیں بلکہ ایک ہی سچ کے مختلف رخ ہیں۔ حجاب عورت کے وقار کا استعارہ ہے—خاموش مگر مضبوط، سادہ مگر گہرا، اور باحیا مگر باخبر۔ یہی پیغام قرآن دیتا ہے، یہی صحابیاتؓ نے جیا، اور یہی آج کی عورت کے لیے اصل آزادی ہے۔

مدیحہ انور خلیل

حجاب، آزادی اور شناخت/
Hijab,freedom  and identity

Published by khalilmadihaanwar

مدیحہ انور ایک اردو لکھاری ہیں جو ادب، سماج اور احساسات پر لکھتی ہیں۔۔۔۔۔

Leave a Reply

Is this your new site? Log in to activate admin features and dismiss this message
Log In