ہماری زندگی اکثر بڑی کامیابیوں کے انتظار میں گزر جاتی ہے۔ ہم سوچتے ہیں کہ جب بڑا گھر ہو جائے گا، اچھی گاڑی آ جائے گی، یا کوئی نمایاں مقام مل جائے گا تب دل کو سکون نصیب ہوگا۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ سکون کا راستہ بڑی کامیابیوں سے نہیں بلکہ چھوٹی خوشیوں سے ہو کر گزرتا ہے۔ صبح کی پہلی کرن جب کھڑکی سے اندر آتی ہے، چائے کی پیالی سے اٹھتی بھاپ، کسی اپنے کی مسکراہٹ، ماں کی دعا، بچے کی معصوم بات، یا کسی اجنبی کا خلوص سے کیا گیا سلام—یہ سب چھوٹی خوشیاں ہیں۔ ہم اکثر انہیں معمولی سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں، حالانکہ یہی لمحات دل کی تھکن اتارتے ہیں۔آج کی تیز رفتار زندگی میں ہم نے خوشی کو ایک منزل بنا لیا ہے، حالانکہ خوشی ایک کیفیت ہے جو راستے میں بکھری ہوتی ہے۔ اگر ہم رک کر ان لمحوں کو محسوس کریں تو اندازہ ہوگا کہ قدرت نے ہمیں ہر دن بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ شکرگزاری کا جذبہ انہی چھوٹی خوشیوں کو بڑا سکون بنا دیتا ہے۔ جب انسان شکر ادا کرتا ہے تو دل میں اطمینان اترتا ہے، بے چینی کم ہوتی ہے اور سوچ مثبت ہو جاتی ہے۔ڈیجیٹل دنیا نے ہمیں بہت کچھ دیا، مگر ساتھ ہی لمحوں کو جینے کی صلاحیت بھی کم کر دی۔ ہم تصویر لینے میں مصروف رہتے ہیں مگر منظر کو محسوس نہیں کرتے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ کبھی فون ایک طرف رکھ کر اپنوں کے ساتھ بیٹھیں، ہنسی بانٹیں، خاموشی کو سنیں اور اپنے رب کی دی ہوئی نعمتوں پر غور کریں۔سکون باہر نہیں، ہمارے اندر ہے۔ جب ہم چھوٹی چھوٹی باتوں میں خوشی تلاش کرنا سیکھ لیتے ہیں تو بڑے مسائل بھی چھوٹے لگنے لگتے ہیں۔ زندگی کا حسن اسی میں ہے کہ ہم ہر دن میں چھپی خوشیوں کو پہچانیں، انہیں سمیٹیں اور دل میں جگہ دیں۔یاد رکھیے، بڑی خوشیاں کبھی کبھار ملتی ہیں، مگر چھوٹی خوشیاں روز دستک دیتی ہیں۔ جو ان دستکوں کو سن لیتا ہے، وہی حقیقی سکون پا لیتا ہے۔کیا آپ نے پتہ ہے کہ آپ کو کس چیز سے خوشی ملتی ہے؟ آپ کی روزمرہ زندگی کی وہ کون سی چھوٹی خوشی ہے جو آپ کو سب سے زیادہ سکون دیتی ہے؟کمنٹ میں ضرور شیئر کریں 💫مدیحہ انور