زندگی میں ہر انسان کامیابی حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے خواب پورے کرے، عزت پائے اور دوسروں میں نمایاں نظر آئے،کوشش بہت سے لوگ کرتے ہیں لیکن کامیابی چند لوگوں کو ملتی ہے۔
آپ اپنے اردگرد نظر دوڑائیں اور غور کریں کہ آپ کے خاندان یا حلقہ احباب میں کون ہے جو سب سے نمایاں ہے ؟
نمایاں ہونے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں کسی کے پاس روپیہ پیسہ زیادہ ہو سکتا ہے اور کوئی اپنی عقل و فکر کی وجہ سے سب سے الگ تھلگ نظر آتا ہے۔
ایسے لوگ کا میابی ملنے کے بعد یوں محسوس ہوتے ہیں کہ جیسے وہ مغرور ہو گئے ہیں اور اسی وجہ سے ان کے قریبی لوگ ان سے دور ہو جاتے ہیں بلکہ ناراضگی کی حد تک پہنچ جاتے ہیں۔
لیکن اکثر لوگ یہ نہیں جانتے کہ کامیابی صرف خوشیاں ہی نہیں لاتی بلکہ اپنے ساتھ ایک خاص قسم کی تنہائی بھی لے آتی ہے۔
جب انسان اپنی منزل کی طرف بڑھتا ہے تو اسے بہت سی قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔ اسے اپنی نیند، آرام، دوستوں کی محفلیں اور کئی بار اپنے قریبی رشتوں تک سے فاصلہ اختیار کرنا پڑتا ہے۔ وہ وقت جو دوسروں کے ساتھ ہنسی مذاق میں گزر سکتا تھا، وہ اپنی محنت اور جدوجہد میں صرف ہو جاتا ہے۔ یہی جدوجہد اسے دوسروں سے الگ کر دیتی ہے۔
کامیاب انسان کی سوچ بھی بدل جاتی ہے۔ وہ عام باتوں سے زیادہ اپنے مقصد پر توجہ دیتا ہے۔ اس کی ترجیحات مختلف ہو جاتی ہیں، جس کی وجہ سے بہت سے لوگ اسے سمجھ نہیں پاتے۔ کچھ لوگ حسد کرنے لگتے ہیں، کچھ دور ہو جاتے ہیں اور کچھ صرف فائدے کے وقت قریب آتے ہیں۔ ایسے میں انسان کو احساس ہوتا ہے کہ ہر ساتھ دینے والا واقعی مخلص نہیں ہوتا۔
بعض اوقات کامیابی انسان کو اس مقام پر لے جاتی ہے جہاں وہ سب کے درمیان ہوتے ہوئے بھی خود کو تنہا محسوس کرتا ہے۔ لوگ اس کی کامیابی کو دیکھتے ہیں مگر اس کے پیچھے چھپی قربانیوں، آنسوؤں اور خاموش جدوجہد کو نہیں سمجھتے۔ یہی احساس تنہائی کو مزید گہرا کر دیتا ہے۔
تاہم یہ تنہائی ہمیشہ منفی نہیں ہوتی۔ کبھی یہی تنہائی انسان کو خود کو بہتر سمجھنے، اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے اور مزید مضبوط بننے کا موقع دیتی ہے۔ یہ اسے سکھاتی ہے کہ اصل کامیابی صرف مقام حاصل کرنے میں نہیں بلکہ خود کو سنبھالنے میں بھی ہے۔
لہٰذا یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ کامیابی اپنے ساتھ تنہائی ضرور لاتی ہے، لیکن یہی تنہائی انسان کی شخصیت کو نکھارتی اور اسے زندگی کے اصل معنی سمجھاتی ہے۔
قائد اعظم ہوں یا علامہ اقبال ،گوتم بدھ ہوں یا با گورو نانک سب کے سب اپنی ذاتی زندگی میں تنہا تھے۔
کیونکہ تنہائی ہی میں اپنے اصل کو پا لینے کا راز چھپا ہے۔
مدیحہ انور
#مدیحہ_انور #فکرو_عمل_کے_نقوش #fikr_o_amal_ke_naqoosh #madihaanwar #solitude
#SuccessInSolitude
